پاکستان

جماعت اسلامی کے ساتھ بہت سے معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے، عطااللہ تارڑ

جماعت اسلامی سے مثبت بات چیت ہوئی اور مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے، کچھ معاملات تحریری طور پر طے ہوئے ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ساتھ بہت سے معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے اور کچھ معاملات تحریری طور پر طے ہوئے ہیں۔

کمشنر آفس راولپنڈی میں حکومتی ٹیم کی جماعت اسلامی کے قائدین سے مذاکرات کے چوتھے دور کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ نے کہا کہ جماعت اسلامی سے مثبت بات چیت ہوئی اور مذاکرات میں کافی پیشرفت ہوئی ہے، کچھ معاملات تحریری طور پر طے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہمارا ایجنڈا ہے، وزیراعظم کا ایجنڈا ہے کہ بجلی کی قیمتیں کم کرنی ہیں، بہت سے معاملات پر اتفاق ہوگیا ہے جبکہ مزید معاملات پر اتفاق ہونا باقی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کل تک مذاکرات کا دور ملتوی کیا گیا ہے، کل شام کو جماعت اسلامی کے ساتھ مزید ایک نشست ہوگی۔

عطااللہ تارڑ نے کہا کہ مارچ کرنا جماعت اسلامی کا جمہوری حق ہے، جبکہ جماعت اسلامی کے سیالکوٹ میں گرفتار کارکنوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ مہنگائی، بجلی کی بڑھتی قیمتیوں کے خلاف راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا دھرنا 13 روز سے جاری ہے۔