پشاور: ورسک روڈ پر پولیس وین کے قریب بارودی مواد کا دھماکا
پشاور میں ورسک روڈ کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ ہوا ہے، دھماکا پولیس وین کے قریب ہوا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈان نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے ورسک روڈ پر پولیس وین معمول کے مطابق گشت کررہی تھی کہ اس دوران ایک دھماکا ہوا، یہ ایک آئی ای ڈی دھماکا تھا، جو سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی آپریشن نے ڈان نیوز کے نمائندہ کو بتایا کہ آئی ای ڈی بلاسٹ کے ذریعے پولیس وین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی لیکن خوش قسمتی سے دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ایس پی ورسک محمد ارشد خان اور ڈی ایس پی ورسک ارباب نعیم حیدر موقع پر موجود تھے، دھماکے کے فوراً بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی یو) کو طلب کرلیا گیا ہے، جو جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کررہی ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ دھماکے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا جارہا ہے، پولیس مزید شواہد اکھٹے کرنے کی کوشش کررہی ہے، اس حوالے سے تفتیش کے بعد ہی حتمی معلومات سامنے آسکیں گی۔