پاکستان

’کیس اڈیالہ جیل میں میجر، کرنل کی مداخلت کے خلاف ہے،‘ عمران خان کی درخواست پر سماعت

عمران خان نے بغیر مداخلت وکلا سے ملاقات کی اپنی درخواست میں اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میجر اور کرنل کی مبینہ مداخلت روکنے کی استدعا کر رکھی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی، سابق وزیر اعظم عمران خان کی بغیر مداخلت وکلا سے ملاقات کی درخواست پر سماعت کے دوران وکیل شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ یہ اڈیالہ جیل میں میجر ،کرنل کی مداخلت کے خلاف کیس ہے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے بانی، سابق وزیر اعظم عمران خان کی بغیر مداخلت وکلا سے ملاقات کی درخواست پر سماعت ہوئی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی۔

شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے مؤقف اپنایا کہ یہ اڈیالہ جیل میں میجر ،کرنل کی مداخلت کے خلاف کیس ہے، چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ تو کیا وزارتِ دفاع کی رپورٹ آ گئی ہے؟ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزارت دفاع نے بانی پی ٹی آئی کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔

وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ وزارتِ دفاع کے خط کی کاپی ریکارڈ کا حصہ نہیں بنائی گئی، چیف جسٹس نے کہا کہ اگر کوئی ایسی چیز نہیں ہے تو وزارتِ دفاع کا جواب عدالت کو دکھا دیں۔

چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے مکالمہ کیا کہ آپ کے خط کے جواب میں اُنہوں نے خط لکھ کر ہی بتایا ہو گا نا؟ اگر کوئی حساس چیز نہیں ہے تو اس خط کو ریکارڈ کا حصہ بنا دیں۔

عمران خان نے اپنی درخواست میں اڈیالہ جیل راولپنڈی میں میجر اور کرنل کی مبینہ مداخلت روکنے کی بھی استدعا کر رکھی ہے۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس پر سماعت ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ 4 جولائی کو سابق وزیر اعظم عمران خان کی اڈیالہ جیل میں بغیر مداخلت ملاقات کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری دفاع، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور محکمہ داخلہ پنجاب کو نوٹس جاری کردیے تھے۔