اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کو 31 دسمبر تک گوشوارے جمع کروانے کی ہدایت
الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی اپنے گوشوارے جمع کروانے کے پابند ہیں، حکام الیکشن کمیشن
الیکشن کمیشن نے تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کو 31 دسمبر تک گوشوارے جمع کروانے کی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی اپنے گوشوارے جمع کروانے کے پابند ہیں۔
اراکین بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے جمع کروائیں گے۔
الیکشن کمیشن یکم جنوری کو مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے نام شائع کرے گا اور 15 جنوری تک گوشوارے جمع نہ کروانے پر اراکین کی رکنیت معطل کردی جائے گی۔
گوشوارے جمع نہ کروانے تک وہ پارلیمنٹ و اسمبلی کی کسی بھی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
حکام نے کہا کہ کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پانے پر رکن کے خلاف بدعنوانی کے جرم کے ارتکاب کی پاداش میں کارروائی ہوگی۔