پی سی بی کی ڈسپلنری کمیٹی کی تشکیل کے حوالے سے میڈیا رپورٹس کی تردید
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی ) نے ڈسپلنری کمیٹی کی تشکیل اور کھلاڑیوں کے خلاف ممکنہ انضباطی کارروائیوں کے حوالے سے نشر ہونے والی خبروں کی سختی سے تردید کردی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق اتوار کو پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بورڈ کی جانب سے ڈسپلنری کمیٹی بنائی گئی ہے اور نہ کسی کرکٹر کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے کہا گیا کہ کمیٹی کی تشکیل اور رپورٹ بنانے کا ٹاسک دینے کے حوالے سے خبریں بے بنیاد اور حقائق سے منافی ہیں۔
پی سی بی کے مطابق کھلاڑیوں پر پابندی لگانے اور جرمانہ عائد کرنے کے سلسلے میں خبر من گھڑت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور مینجر وہاب ریاض کی رپورٹ کے جائزے کے لیے بورڈ نے کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جس کا سربراہ کسی سابق کپتان کو بنائے جانے کا امکان ہے۔
باوثوق ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں گروپنگ اور ڈسپلن توڑنے والے کھلاڑیوں کے خلاف کاروائی کا بھی امکان ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ ورلڈ کپ میں شاہین شاہ آفریدی کے ڈسپلن توڑنے کی رپورٹس بھی مںظر عام پر آئی تھیں تاہم اس کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی تھی۔