پاکستان

پنجاب: گاڑی میں آگ لگنے سے 3 افراد جھلس کر جاں بحق

تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ گاڑی محمد زین کے نام پر رجسٹرد ہے جسے حال ہی میں کامران نامی شخص نے خریدا تھا۔

صوبہ پنجاب میں سرگودھا روڈ پر سیم نالے پر واقع ڈنگرو برج پر 3 نامعلوم افراد گاڑی میں آگ لگنے کے باعث جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیشات آباد پولیس نے بتایا انہیں ایک دوا ساز کمپنی کے قریب گاڑی میں آگ لگنے کی رپورٹ موصول ہوئی، جب وہ وہاں پہنچے تو گاڑی مکمل طور پر جل گئی تھی اور 3 افراد کی جھلسی ہوئی لاشیں بھی گاڑی میں موجود تھیں۔

تحقیقات میں پتا چلا ہے کہ گاڑی محمد زین کے نام پر رجسٹرد ہے جسے حال ہی میں کامران نامی شخص نے خریدا تھا اور اسے رینٹل سروس کے لیے استعمال کر رہا تھا۔

پولیس تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ گاڑی کو قمر علی سندھو نے کرائے پر لیا تھا لیکن اب تک اس بات کی جانچ نہیں ہوسکی کہ جاں بحق ہونے والے افراد میں قمر علی سندھو شامل ہیں یا نہیں کیونکہ تاحال میتوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔