لائف اسٹائل

تین دہائیوں تک کام کرنے کے باوجود حکومتی ایوارڈ نہیں ملا، ریمبو کا شکوہ

آج کل کے دور میں ایوارڈز بھی دعا سلام سے ملتے ہیں، ایسا کوئی ایوارڈ نہیں چاہیے جو دعا سلام سے ملے، اداکار

ماضی کے مقبول فلمی ہیرو افضال احمد المعروف ریمبو نے شکوہ کیا ہے کہ 32 سال کام کرنے اور 200 فلمیں دینے کے باوجود تاحال انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس جیسا کوئی ایوارڈ نہیں ملا۔

ریمبو نے اہلیہ ماضی کی مقبول فلمی ہیروئن صاحبہ کے ہمراہ حال ہی میں سما ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں شوبز کیریئر سمیت مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

ان کی شو میں اپنے کیریئر اور حکومت کی جانب سے تاحال کوئی ایوارڈ نہ دیے جانے کے شکوے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں ریمبو نے بتایا کہ آج کل کے دور میں ایوارڈز بھی دعا سلام سے ملتے ہیں اور انہیں ایسا کوئی ایوارڈ نہیں چاہیے جو دعا سلام سے ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایوارڈز وصول کرنے کا مزہ تب ہی آتا ہے جب کوئی خود ایوارڈ دے اور کام کو سراہے۔

ریمبو کے مطابق ماضی میں انہیں نگار سمیت دوسرے فلمی ایوارڈز مل چکے ہیں اور اس وقت ایک ہی ایوارڈ ہوتا ہے، جہاں تمام فلموں اور اداکاروں کو ایوارڈز ملتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ہر ٹی وی چینلز کے اپنے ایوارڈز شو ہوتے ہیں جو کہ غلط ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

ریمبو کے مطابق ایک ہی ایوارڈز شو ہونا چاہیے، جہاں تمام ٹی وی چینلز کے ڈراموں کو اکٹھا کیا جائے اور ہر کیٹیگریز میں ایوارڈز دیے جائیں۔انہوں نے تاحال خود کو حکومتی ایوارڈ نہ ملنے کا شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شوبز انڈسٹری میں کام کرتے ہوئے 32 سال کا عرصہ گزر چکا ہے لیکن انہیں تاحال کوئی پرائیڈ آف پرفارمنس جیسا ایوارڈ نہیں ملا۔

ریمبو نے شکوہ جاری رکھتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر ایوارڈز دینے والوں کو کہا کہ اب وہ ان کی بات سن کر انہیں ایوارڈ نہ دیں، انہیں ایسا ایوارڈ ہی نہیں چاہیے۔

انہوں نے بات کو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ انہیں تو چھوڑیں، ان کی ساس اور ماضی کی مقبول اداکارہ نشو بیگم کو بھی تاحال کوئی ریاستی اور حکومتی ایوارڈ نہیں ملا۔

ریمبو کے مطابق جب ان کی ساس کو ہی ایوارڈ نہیں ملا تو وہ کیوں اپنا شکوہ کریں؟

اداکارہ عروبہ مرزا نے منگنی ختم ہونے کی تصدیق کردی

شگر کے کوہ پیماؤں نے ایک سال بعد کے ٹو سے پورٹر کی لاش نکال لی

خیبر: قبائلی ضلع کی تاریخ میں پہلی خاتون مہک پرویز ایڈیشنل ایس ایچ او تعینات