دنیا

مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی حملے میں حماس کمانڈر سمیت 5 افراد شہید

اسرائیلی فورسز کی جانب سے جنگجوؤں کو لے جانے والی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تلکرم بریگیڈ کا ایک کمانڈر مارا گیا، حماس کی تصدیق

مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کا کمانڈر شہید ہوگیا، حملے میں مزید 4 افراد بھی مارے گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی خبر رساں ایجنسی وفا نے بتایا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے میں حماس کا ایک کمانڈر مارا گیا، جب کہ حملے میں 4 دیگر افراد بھی مارے گئے۔

وفا کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہونے والے دیگر افراد کی شناخت اب تک ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر تلکرم کے ارد گرد عسکریت پسندوں کے ایک سیل کو نشانہ بنایا ہے۔

حماس کے میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز کی جانب سے جنگجوؤں کو لے جانے والی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں تلکرم بریگیڈ کا ایک کمانڈر مارا گیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے خان یونس کے جنوب میں میراج کے علاقے میں ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے، جن میں ایک ماں اور اس کا کمسن بچہ بھی شامل ہے۔

دوسری جانب، فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے رہنما خالد مشعل نے کہا کہ حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد یہ تحریک نہیں رکے گی اور نہ ہی اسرائیل کو تسلیم کرے گی

انہوں نے یہ بیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے اسمٰعیل ہنیہ کے سیکیورٹی گارڈ وسیم ابو شعبان کی نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ہمارے لوگ ہمارے اپنے حقوق کے حصول کے لیے قومی اتحاد کو برقرار رکھتے ہوئے جہاد اور مزاحمت کا راستہ جاری رکھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا دشمن (اسرائیل) نہیں سبق نہیں سیکھا، وہ 100 سال سے ہمارے رہنماؤں کو مار رہے ہیں لیکن اس سے کیا فرق پڑا، وہ ایک کو مارتے ہیں تو دوسرا رہنما کھڑا ہوجاتا ہے اور یہی چیز ہمارے لوگوں کو مضبوط بناتی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز حماس کے سربراہ اسمٰعیل ہنیہ کو ایران میں قاتلانہ حملے میں شہید کردیا گیا، اسمٰعیل ہنیہ پر تہران میں ان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا گیا، وہ ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے ایران میں موجود تھے۔

برطانوی نشریاتی ادارے میں شائع رپورٹ کے مطابق سعودی میڈیا الحدث نے کہا ہے کہ حماس کے رہنما اسمٰعیل ہنیہ کی تہران میں رہائش گاہ کو مقامی وقت کے مطابق رات 2:00 بجے کے قریب ایک گائیڈڈ میزائل کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسمٰعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ کو یہودی ایجنٹوں نے نشانہ بنایا، یہ حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، جس کا بدلہ لیں گے۔