سائنس و ٹیکنالوجی

گوگل کا سرچ انجن سے ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر ہٹانے کا اقدام

گوگل سرچ انجن میں تبدیلیاں کرکے ایسے مواد کو ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور زیادہ تر اب گوگل پر ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر نظر نہیں آتیں، رپورٹ

انٹرنیٹ کی سب سے مقبول اور بڑی سرچ انجن گوگل نے ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر کو ہٹانے کے لیے سرچ انجن میں تبدیلیاں کردیں۔

ویب سائٹ وائرڈ کے مطابق حالیہ چند ماہ میں گوگل پر ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر کو ڈیلیٹ کرنے کے لیے کافی دباؤ تھا اور سرچ انجن کو دنیا بھر سے ایسے مواد کو ڈیلیٹ کرنے کی درخواستیں بھی موصول ہوئیں، جس کے بعد اب کمپنی نے اس پر عمل شروع کردیا۔

رپورٹ کے مطابق گوگل سرچ انجن میں تبدیلیاں کرکے ایسے مواد کو ڈیلیٹ کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور زیادہ تر اب گوگل پر ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر نظر نہیں آتیں۔

حالیہ دنوں میں ہولی وڈ اداکارہ جینیفر آئنسٹن اور ٹیلر سوئفٹ کی نامناسب ڈیپ فیک ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے پر گوگل کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا کیوں کہ سرچ انجن تلاش کرنے پر ٹاپ رزلٹس میں اداکاراؤں کی فحش ویڈیوز اور تصاویر دکھا رہا تھا۔

لیکن نئی تبدیلی کے بعد اب ایسا نہیں ہوتا اور جو بھی شخص گوگل پر کسی معروف شخصیت کی ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اسے دوسرے رزلٹس دیے جاتے ہیں۔

اب گوگل ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر کو تلاش کرنے پر ان سے متعلق شائع خبروں اور رپورٹس کے لنکس فراہم کرتا ہے یا پھر ڈیپ فیک ویڈیوز اور تصاویر کے انتباہ سے متعلق مواد کو سجیسٹ کرتا ہے۔

ساتھ ہی گوگل کے ماہرین نے اعتراف کیا ہے کہ سرچ انجن سے 100 فیصد ڈیپ فیک نامناسب ویڈیوز اور تصاویر کو ہٹانا مشکل ہے، تاہم بعض ٹولز کے ذریعے ایسے مواد کو انتہائی پیچھے دھکیل کر ان کی تلاش کو مشکل بنایا جا سکتا ہے۔

پاکستانی خواتین پر ڈیپ فیک ٹیکنالوجی کے ذہنی اور سماجی اثرات

عالیہ بھٹ اور پریانکا چوپڑا سمیت بولی وڈ کی نامور شخصیات کی جعلی ویڈیوز وائرل

’ڈکی بھائی‘ کا اہلیہ کی ڈیپ فیک ویڈیو بنانے والے کی معلومات دینے پر 10 لاکھ روپے کا اعلان