پاکستان

کراچی میں 3 سے 5 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی

دو اگست سے راجستھان اور بحیرہ عرب سے طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ پر اثرانداز ہوگا، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں تین سے پانچ اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ دو اگست سے راجستھان اور بحیرہ عرب سے طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ پر اثرانداز ہوگا۔

نئے مون سون سسٹم کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا کہ تین اگست سے پانچ اگست کے درمیان کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ تھرپارکر، بدین، سجاول، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہ یار میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ دو اگست سے جیکب آباد، شکارپور ۔ قمبرشہداد کوٹ، کشمور، لاڑکانہ، شہید بے نظیرآباد سمیت دیگر گرج چمک کچھ مقامات پر موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ تین اگست سے چھ اگست کے درمیان خیرپور، میرپورخاص، عمرکوٹ، نوشہروفیروز، گھوٹکی، سکھر سمیت دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔