پاکستان

پاک سوزوکی نے بنگلہ دیش، افغانستان کو گاڑیاں برآمد کرنا شروع کر دیں

یہ انکشاف پاکستان میں آٹو مینوفیکچرنگ کے سفر میں اہم سنگ میل کرنے کے حوالے سے منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران کیا گیا۔

پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ نے بنگلہ دیش اور افغانستان کو گاڑیاں برآمد کرنا شروع کر دی ہیں۔

اس بات کا انکشاف پاکستان میں آٹو مینوفیکچرنگ کے سفر میں اہم سنگ میل کرنے کے حوالے سے منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران کیا گیا۔

اپنے خیر مقدمی خطاب میں پاک سوزوکی کے ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز شفیق احمد شیخ نے شکریہ ادا کیا اور وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وفاقی سیکریٹری صنعت و پیداوار سیف انجم، ای ڈی بی کے سی ای او خدا بخش اور منیجنگ ڈائریکٹر اور پاک سوزوکی کے سی ای او ہیروشی کاوامورا سمیت دیگر مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) نے اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پاکستان میں گاڑیاں بنا کر ان کی برآمدات کا آغاز کردیا تھا۔

کمپنی کی جانب سے یہ اعلان اپنے پورٹ قاسم اتھارٹی میں موجود مینوفیچرنگ پلانٹ میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا گیا تھا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے اپنے ایک بیان میں زور دے کر کہا کہ ​​پاکستان کی معروف کمپنیوں میں سے ایک انڈس موٹر کو برآمدات میں حصہ ڈالتے ہوئے دیکھنا باعث فخر ہے، حکومت کی آٹو موٹیو انڈسٹری ڈیولپمنٹ اینڈ ایکسپورٹ پالیسی 2021-26 پالیسی کا مقصد مقامی پرزوں اور گاڑیوں کی برآمد کی حوصلہ افزائی کرکے آٹو موٹیو سیکٹر کو فروغ دینا ہے۔