پاکستان

کراچی: دو بچوں کے اغوا و قتل میں ملوث 4 ملزمان کو پھانسی کی سزا

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے چاروں ملزمان کو بچوں کے ورثا کو 20 لاکھ فی کس ادا کرنے کا حکم دیا اور ملزمان پر 50ہزار روپے فی کس جرمانہ بھی عائد کیا۔

کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دو کمسن بچوں کے اغوا برائے تاوان اور قتل کا جرم ثابت ہونے پر چار ملزمان کو پھانسی کی سزا سنا دی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بچوں سے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر چاروں ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی۔

عدالت نے چاروں ملزمان کو بچوں کے ورثا کو 20 لاکھ فی کس ادا کرنے کا حکم دیا اور ملزمان پر پچاس ہزار روپے فی کس جرمانہ بھی عائد کیا۔

ملزمان میں قربان، عمران، رمضان اور وسیم شامل ہیں جبکہ عدالت نے مفرور ملزم راجو کے دائمی وارنٹ جاری کردیے۔

ملزمان نے آٹھ سالہ شہباز اور دس سالہ حسن کو گھر کے باہر کھیلتے ہوئے اغوا کر کے بچوں کے والدین سے پچاس ہزار روپے تاوان طلب کیا تھا۔

ملزمان نے دونوں بچوں کو قتل کرکے لاشیں الگ الگ مقام پر پھینک دی تھیں۔

ملزمان کے خلاف اغوا برائے تاوان، قتل، زیادتی اور دہشت گردی کی دفعات کے تحت دو مقدمات سہراب گوٹھ اور سائٹ سپر ہائی وے تھانوں میں درج کیے گئے تھے۔