کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش، موسم خوشگوار ہوگیا
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں صبح سے ہی بارش کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے تیز اور ہلکی بارش ہورہی ہے۔
بارش کے باعث شہر قائد میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے، مین سپر ہائی وے، نیشنل ہائی وے، شاہراہ فیصل، گلستان جوہر، گلشن، فیڈرل بی ایریا، ناظم آباد میں وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر بھر میں ٹھنڈی ہوائیں بحال ہوگئی ہیں۔
ویدر اپڈیٹ پی کے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتایا کہ کلفٹن میں زبردست بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے، سب سے زیادہ بارش گلشن معمار میں 11.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق فیصل بیس میں 11 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 10 ملی میٹر،کورنگی میں 8.8 ملی میٹر، اولڈ ایئرپورٹ پر 6 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 5.8 ملی میٹر، ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 5، کیماڑی میں 4.5 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح سرجانی میں 2.5 ملی میٹر، پی اے ایف مسرور بیس میں 1.5 ملی میٹر، سب سے کم بارش ناظم آباد میں ایک ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون سیزن کے دوران یکم سے 6 اگست تک شدید بارشوں کی پیش گوئی کردی تھی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ 31 جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس سے ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔