رحیم یار خان: کچے کے علاقے میں پولیس مقابلے میں چار ڈاکو ہلاک، ایس ایچ او شہید
صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں پولیس مقابلے کے دوران اغوا برائے تاوان، ڈکیتی و دیگر سنگین جرائم میں ملوث شر گینگ کے چار ڈاکو ہلاک اور ایس ایچ او شہید ہو گیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق رحیم یار خان میں کچے کے علاقے ماچھکہ میں شر گینگ اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور اس موقع پر اے ایس پی بھونگ ایاز خان ڈی پی او عمران احمد ملک کے ہمراہ بھاری نفری لے کر پہنچ گئے۔
ترجمان نے بتایا کہ پولیس ہنی ٹریپ کے ذریعے اغوا برائے تاوان کی واردات کو ناکام بنانے کے لیے علاقے میں پہنچی تھی کہ ملزمان نے فائرنگ کر دی۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ماچھکہ کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر اور سب انسپکٹر محمد رمضان دل کا دورہ پڑنے سے شہید ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چار ڈاکو ہلاک ہو گئے جن کا تعلق شر گینگ سے ہے جبکہ اس دوران ایک کانسٹیبل بھی زخمی ہوا۔
ڈی پی او عمران ملک نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائے گی اور جرائم پیشہ عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔