پاکستان

ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 28 پیسے کا اضافہ

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے اگست کے لیے ایل این جی کی قیمتوں میں 8٫5 فیصد تک کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اگست کے لیے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 28 پیسے کا اضافہ کردیا گیا جب کہ آئندہ ماہ کے لیے مائع قدرتی گیس (ایل این جی)کی قیمتوں میں 8٫5 فیصد تک کمی کردی گئی۔

اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کےمطابق فی کلو قیمت میں 2 روپے 28 پیسے اضافے کے بعد ایل پی جی کی نئی فی کلو قیمت 233 روپے مقرر کردی گئی۔

ایل پی جی کا 11٫8 کلوگرام کا گھریلو سلنڈر 26 روپے 90 پیسے مہنگا ہوگیا، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2ہزار 797 روپے مقرر کردی گئی۔

دوسری جانب اوگرا نے اگست کے لیے ایل این جی کی قیمتوں میں 8٫5 فیصد تک کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

سوئی ناردرن کے لیے ایل این جی 1٫23 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سستی ہوگئی، سوئی ناردرن کے لیے ایل این جی 13٫ 39 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی۔

سوئی سدرن کے لیے ایل این جی 1٫22 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو سستی ہوکر 13٫ 15 پانچ ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی۔