پاکستان

ملک بھر میں پی ٹی سی ایل کا انٹرنیٹ سسٹم ڈاؤن، صارفین کو شدید مشکلات

انٹرنیٹ کی سروسز بند ہونے سے بینکوں اور دیگر سرکاری دفاتر میں کام بند ہوگیا ہے۔
|

ملک بھر میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (پی ٹی سی ایل) کا انٹرنیٹ سسٹم ڈاؤن ہوگیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق انٹرنیٹ کی سروس منقطع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، انٹرنیٹ کی سروسز بند ہونے سے بینکوں اور دیگر سرکاری دفاتر میں کام بند ہوگیا ہے۔

ترجمان پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی سی ایل نیٹ ورک ڈاون ہے، پی ٹی سی ایل نیٹ ورک ڈاون ہونے سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہے، ہمارے ٹیمز مسئلے کے فوری حل کے لیے تیزی سے کام کررہی ہیں۔

یاد رہے کہ 26 جولائی کو ملک میں نئے انٹرنیٹ سیکیورٹی نیٹ ورک سسٹم کی آزمائش سے نہ صرف سوشل میڈیا ایپلی کیشنز بلکہ انٹرنیٹ کی رفتار بھی سست ہو گئی اور حکام نے بھی اس بات کی تصدیق کردی تھی۔

دی نیوز کے مطابق نئے انٹرنیٹ سیکیورٹی نیٹ ورک کی تنصیب سے منسلک حکام نے تصدیق کی کہ ’فائر وال‘ کی آزمائش کی وجہ سے انٹرنیٹ سست روی کا شکار ہے۔

حکام نے بتایا کہ ’فائر وال‘ سسٹم کو نصب کیا جا چکا ہے اور اس کی آزمائش جاری ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آزمائش کب تک جاری رہے گی اور نئے سسٹم پر کب تک ملک کا انٹرنیٹ نیٹ ورک منتقل ہوگا؟

رپورٹ کے مطابق ملک میں ’فائر وال‘ سسٹم کی تنصیب کا کام جنوری 2024 میں شروع کیا گیا تھا اور اس کی تنصیب کے بعد اب آزمائش شروع کی گئی ہے۔