پاکستان

عمران خان، شاہ محمود قریشی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم

انسداددِہشتگردی عدالت اسلام آباد نے 7 ستمبر کو سابق وزیر اعظم، سابق وزیر خارجہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کرنے کے سلسلے میں انتظامات کا بھی حکم دیا۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کے الزام میں راولپنڈی کے تھانہ کھنہ میں درج 2 مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین، سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دےدیا۔

اےٹی سی جج طاہر عباس سِپرا نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی و دیگر کے خلاف توڑ پھوڑ کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکلا عدالت میں پیش ہوئے، جج نے استفسار کیا کہ کیا شاہ محمود قریشی سزا یافتہ قیدی ہیں؟ کون سی جیل میں ہیں؟ جس پر وکیل صفائی نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی سزا یافتہ نہیں، وہ لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں۔

اے ٹی سی جج نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیر خارجہ کو 7 ستمبر کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا اور جیل حکام کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیشی کے انتظامات کرنے کاحکم بھی دےدیا۔

بانی پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی و دیگر کارکنان کے خلاف احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے کے الزامات پر تھانہ کھنہ میں 2 مقدمات درج ہیں۔