وفاقی حکومت کا کسانوں سے گندم کی خریداری کے امور پاسکو سے لے کر نجی شعبے کو دینے پر غور
وزیر اعظم نے وفاقی وزارت خوراک، وفاقی وزارت خزانہ، تمام صوبائی چیف سیکریٹریز اور ایم ڈی پاسکو سے تجاویز مانگی ہیں، ذرائع
وفاقی حکومت نے کسانوں سے گندم کی خریداری کے امور پاسکو سے لے کر نجی شعبے کو دینے پر غور شروع کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے پاسکو کے ذریعے براہ راست کسانوں سے گندم کی خریداری کے امور سے نکلنے کے منصوبے پر کام کا آغاز کردیا ہے اور پاسکو کے آپریشنز مکمل طور پر آؤٹ سورس کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے تجاویز طلب کی ہیں۔
وزیر اعظم نے وفاقی وزارت خوراک، وفاقی وزارت خزانہ، تمام صوبائی چیف سیکریٹریز اور ایم ڈی پاسکو سے تجاویز مانگی ہیں۔
ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پلان پر عمل درآمد سے مڈل مین کے ہاتھوں کسانوں کے مزید استحصال کا خدشہ ہوگا اور پاسکو کے سیکڑوں ملازمین نوکریوں سے فارغ بھی کیے جاسکتے ہیں۔