قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیمی بل پیش کردیا گیا
قومی اسمبلی میں الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیمی بل پیش کردیا گیا جبکہ اپوزیشن کی جانب سے ’نو نو‘ کے نعروں کی گونج میں اسپیکر قومی اسمبلی نے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہوا جس میں حکومتی رکن بلال اظہر کیانی نے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترامیم کا بل پیش کردیا، جسے الیکشن (دوسرا ترمیمی) ایکٹ 2024 کا نام دیا گیا ہے۔
اپوزیشن کی جانب سے بھرپور احتجاج کیا گیا اور ’نو نو‘ کے نعرے لگائے گئے۔
پہلی ترمیم الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 66 اور دوسری ترمیم الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 104 میں متعارف کروائی گئی ہے۔
پہلی ترمیم کے مطابق کسی سیاسی جماعت کی جانب سے وابستگی کا اقرار نامہ تبدیل نہیں کیا جاسکتا، جبکہ دوسری ترمیم میں کہا گیا ہے کہ جس پارٹی نے مخصوص نشستوں کی فہرست نہ دی ہو اسے مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتیں۔
اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کے بل پر کمیٹی بنائی جارہی ہے، وہ جو فیصلہ کرے گی اس کے حوالے سے ایوان کو آگاہ کیا جائے گا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں تمام سیاسی جماعتوں سے الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم پر رائے لی جائے۔
بعد ازاں اسمبلی کا اجلاس جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔