لائف اسٹائل

بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی غلط ہے، راجیو کھنڈیلوال

کئی سال قبل میں نے ہمایوں سعید کی پروڈکشن میں بننے والے ڈرامے 'سن لیں نا' میں کام کیا، جس وجہ سے بہت مقبولیت ملی، اداکار

بھارتی فلم اور ٹیلی وژن کے اداکار راجیو کھنڈیلوال کا کہنا ہے کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانا غلط فیصلہ ہے جو کہ سیاسی وجوہات کی وجہ سے کیا گیا۔

راجیو کھنڈیلوال نے بولی وڈ ببل کو دیے گئے انٹرویو میں نہ صرف پاکستانی فنکاروں پر مخالفت کی بلکہ انہوں نے ماضی میں پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کو اعزاز بھی قرار دیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے کئی سال قبل ہمایوں سعید کی پروڈکشن میں بننے والے ڈرامے ’سن لیں نا‘ میں کام کیا تھا اور انہیں مختلف کردار کی وجہ سے بہت مقبولیت ملی۔

ان کے مطابق مذکورہ ڈرامے کی شوٹنگ ملائیشیا اور دبئی میں ہوئی تھی اور انہیں آمنا شریف کے مد مقابل کام کرکے بہت اچھا لگا۔

راجیو کھنڈیلوال نے بتایا کہ پاکستانی ڈرامے میں کام کرنے کے بعد وہ وہاں مقبول ہوگئے اور پاکستانی خواتین نے بطور ماں اور بڑی بہن بھارت تحفے بھجوانا شروع کیے، انہیں بہت پیار اور عزت دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آج تک پاکستانی لوگ انہیں پیار اور عزت دیتے ہیں جب کہ بیرون ممالک جہاں بھی پاکستانی مداح انہیں دیکھ کر انہیں سلام کرتے ہیں تو انہیں بہت خوشی ہوتی ہے۔

اداکار کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور سیاست اپنی جگہ لیکن بظاہر دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے سے بہت جڑے ہوئے ہیں، ایک دوسرے سے ملتے وقت احساس ہوتا ہے کہ ہم ایک ہی ہیں۔

راجیو کھنڈیلوال نے انکشاف کیا کہ اگرچہ انہیں پاکستانی ڈرامے میں کام کرنے کا معاوضہ بھارت سے کم ملا لیکن انہیں وہاں کام کرکے بہت اچھا لگا اور انہوں نے بہت کچھ سیکھا۔

بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی کے سوال پر انہوں نے واضح طور پر کہا کہ فنکاروں اور لوگوں پر پابندی لگانا غلط ہے، یہ سیاست کی وجہ سے ہو رہا ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ لوگوں پر پابندی لگانے والے سیاست دان کون ہوتے ہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ جہاں پاکستانی اور بھارتی عوام کے درمیان محبت بڑھ سکتی ہے، وہاں بھی سیاست دان اپنی باتیں بتاکر اس محبت کو بھی ختم کردیتے ہیں۔

راجیو کھنڈیلوال کا کہنا تھا کہ ہم بظاہر امن کی بات کرتے ہیں لیکن ہماری کچھ سیاسی جماعتیں آکر ہندو اور مسلمان کی باتیں کرکے نفرتیں پھیلاتے ہیں۔

اداکار نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت میں نفرت پھیلانے والے بعض سیاست دانوں کو پاکستانی حکومت یا حکمرانوں نے بھیجا ہے؟ ایسا بلکل نہیں، ہمیں سمجھنا ہوگا اور پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگانا غلط ہے۔

خلیل الرحمٰن قمر کی مبینہ نامناسب ویڈیوز وائرل

دانیہ شاہ نے اپنے وکیل سے شادی کرلی

خلیل الرحمٰن قمرکو ہنی ٹریپ کرنے کا معاملہ: ماسٹر مائنڈ حسن شاہ ساتھی سمیت گرفتار