پاکستان

راولپنڈی: بجلی، مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کا دھرنا جاری، مذاکرات کا دوسرا دور شروع نہ ہوسکا

مطالبات کی منظوری میں ٹال مٹول کی گئی تو اگست کے بجلی کے بلوں کے بائیکاٹ کا اعلان کرسکتے ہیں، امیر جماعت اسلامی

راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور مہنگائی کیخلاف دھرنا جاری ہے جبکہ حکومت اور جماعت کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بھی شروع نہ ہوسکا۔

ڈان نیوز کے مطابق راولپنڈی میں جماعت اسلامی کا مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف احتجاج پانچویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں گورنر ہاؤس کے باہر دھرنے کا اعلان دہرایا اور واضح کیا کہ مطالبات حکومت کو پیش کردیے ہیں، مطالبات کی منظوری میں ٹال مٹول کی گئی تو اگست کے بجلی کے بلوں کے بائیکاٹ کا اعلان کرسکتے ہیں۔

ادھر لاہور سے جماعت اسلامی کے کارکنان رہائی کے بعد دھرنے میں شرکت کے لیے اسلام آباد روانہ ہوگئے ہیں، جماعت اسلامی کے رہنماوں کی جانب سے قید سے رہا ہونے والے کارکنان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

پولیس کی قید سے رہائی پانے والے کارکنان کو پھول کے ہار پہنائے گئے، اس موقع پر رہنما جماعت اسلامی احمد سلمان بلوچ نے کہا کہ قید میں ہتھکڑیاں سیاسی کارکن کی سیاسی مزاحمت کا زیور ہیں، قید ، گرمی ، حبس اور بارش سے دھرنے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں مگر جعلی حکومت کے دور میں عوام کو درپیش مشکلات کے آگے یہ کچھ بھی نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ 28 جولائی کو حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے بعد حکومت نے جماعت اسلامی کے تمام کارکنوں کو رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے معاملات کو حتمی طور پر طے کرنے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دے دی تھی۔