دنیا

وینزویلا کے انتخابات میں صدر نکولس مدورو کو برتری

صدر نکولس مدورو نے 51 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کر لی، انتخابی اتھارٹی کا اعلان

وینزویلا کے قصبوں اور شہروں میں سڑکیں بڑی حد تک خالی رہیں، صدر نکولس مدورو اور حزب اختلاف کے حریف ایڈمنڈو گونزالیز دونوں نے ہفتے کے آخر میں ہونے والے کشیدہ انتخابات میں کامیابی کا دعویٰ کیا۔

ڈان اخبار میں شائع غیر ملکی خبر رساں اداروں کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کچھ کاروبار کھلے اور پبلک ٹرانسپورٹ کم تھی کیونکہ واشنگٹن اور دیگر حکومتوں نے سرکاری نتائج پر شکوک و شبہات کا اظہار ووٹوں کی مکمل ٹیبلولیشن کا مطالبہ کیا۔

انتخابی اتھارٹی نے رات گئے اعلان کیا کہ صدر نکولس مدورو نے 51 فیصد ووٹوں کے ساتھ تیسری مرتبہ کامیابی حاصل کر لی۔

تاہم آزاد پولز نے ایڈمنڈو گونزالیز اور اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماچاڈو کی حمایت کے پرجوش مظاہروں کے بعد اپوزیشن کی ایک بڑی جیت کی طرف اشارہ کیا۔

ایڈمنڈو گونزالیز نے حامیوں کو سڑکوں پر آنے کا مطالبہ نہیں کیا اور تشدد کے خلاف متنبہ کیا، حالانکہ ان کے حامیوں کی گرفتاریوں اور دھمکانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے وینزویلا پر انتخابات میں ہیرا پھیری اور جبر کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کراکس کا یہ اعلان کہ صدر نکولس مدورو نے تیسری بار کامیابی حاصل کی ہے، اس اعلان کی کوئی ساکھ نہیں ہے۔

روس، چین، کیوبا، ہونڈوراس اور بولیویا نے مدورو کی مبینہ فتح پر خوشی کا اظہار کیا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس اور ارجنٹینا، کوسٹا ریکا، ایکواڈور، گوئٹے مالا، پاناما، پیراگوئے، پیرو، ڈومینیکن ریپبلک اور یوراگوئے نے نتائج کا ’مکمل جائزہ‘ لینے کا مطالبہ کیا۔

پاناما کے صدر ہوزے راؤل ملینو نے کہا کہ ان کا ملک وینزویلا سے اپنے سفارت کاروں کو نکالے گا اور سفارتی تعلقات معطل کر دے گا۔