پاکستان

گوادر میں پرتشدد ہجوم کا اہلکاروں پر حملہ، سیکیورٹی فورسز کا سپاہی شہید، افسر سمیت 16 جوان زخمی

ہجوم کی پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، شہریوں سے اپیل ہے وہ پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، آئی ایس پی آر

بلوچستان کے ضلع گوادر میں سیکیورٹی پر مامور فورسز کے اہلکاروں پر پُرتشدد ہجوم نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید جب کہ افسر سمیت 16 جوان زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملہ نام نہاد بلوچ راجی موچی کی آڑ میں ایک پرتشدد ہجوم نے کیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حملے میں سپاہی شبیر بلوچ نے جام شہادت نوش کیا جب کہ
حملے کے نتیجے میں ایک افسر سمیت 16 فوجی زخمی ہوگئے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہجوم کی پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پاک فوج نے بیان میں کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے وہ پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں، بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانےکے لیے پرعزم ہیں۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہگوادر میں ایف سی کے 16 جوان زخمی ہیں، ایک جوان کی آنکھ ضائع ہوچکی ہے، یہ پر امن لوگ ایف سی پر فائرنگ کیسے کرلیتے ہیں؟ یہ کیسے پرامن ہیں۔

بلوچستان اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا جتھوں کو اجازت دی جائے کہ یہ حکومت چلانا شروع کردیں؟