کراچی: ڈیفنس میں ڈبل کیبن گاڑی کی ٹکر سے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کا ملازم جاں بحق
کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے میں ٹریفک حادثے میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) کا ملازم جاں بحق ہوگیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق درخشاں پولیس نے بتایا کہ حکومت بلوچستان کی سرکاری نمبر پلیٹ والی ایک تیز رفتار ڈبل کیبن ویگو نے پہلے مین صبا ایونیو پر ایک بنگلے کے باہر کھڑی کار کو ٹکر ماری اور بعد میں کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے ملازم کو روند ڈالا، جن کی شناخت 35 سالہ ارشاد کے نام سے ہوئی۔
اس کے بعد ڈرائیور نے ایک دیوار اور دوسرے بنگلے کے گیٹ پر گاڑی مار دی۔
پولیس نے بتایا کہ ایک نوجوان اور خاتون ویگو سے اتر کر بھاگ گئے، سی بی سی ملازم کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر لے جایا گیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے ایک اور ملازم اعزاز حسین کی شکایت پر نامعلوم ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 320 کے تحت فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کر لی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں ملوث گاڑی سرکاری اور اسے بلوچستان کے ایک بااثر شخص کا بیٹا چلا رہا تھا۔
دریں اثنا، ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا نے کہا کہ سندھ پولیس نے سرکاری گاڑی کی اطلاع بلوچستان حکومت کو دے دی ہے، معلوم ہوا کہ سرکاری ویگو کا تعلق نصیر آباد کے ایک میڈیکل کالج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سے ہے۔
بعد ازاں، بلوچستان حکومت نے پروجیکٹ ڈائریکٹر امتیاز احمد کو کراچی میں حادثے میں ملوث سرکاری گاڑی کے غلط استعمال اور غفلت کی وجہ سے معطل کر دیا۔