پاکستان

کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی

طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ میں داخل ہوگیا، کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہو سکتی ہے، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ طاقتور مون سون ہواؤں کا سلسلہ سندھ میں داخل ہوگیا۔

مزید کہنا تھا کہ آج کراچی میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ درمیانی تا موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی میں بارش کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہنے کا امکان ہے، کل دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کی توقع ہے۔

دریں اثنا، کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق طارق روڈ، جیل روڈ، حسن اسکوائر، شارع فیصل، پی آئی بی میں بوندا باندی ہوئی ہے۔