کراچی: سمندر میں نہانے پر پابندی کی خلاف ورزی پر 44 افراد گرفتار
کمشنر کراچی نے گزشتہ ماہ شہر میں دو ماہ کے لیے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کی تھی، 44افراد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔
کراچی میں پابندی کے باجود سمندر میں نہانے پر 44 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔
ڈان نیوز کے مطابق کمشنر کراچی نے گزشتہ ماہ کراچی میں سمندر میں نہانے پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کردی تھی جس کا اطلاق 13 جون سے 13 اگست تک ہونا تھا۔
تاہم پابندی کے باوجود شہر میں لوگوں کی جانب سے ساحل سمندر پر جا کر نہانے کا سلسلہ جاری رہا جس کی وجہ متعدد افراد سمندر کی بے رحم موجوں کی بھینٹ چڑھ گئے۔
ڈپٹی کمشنر کیماڑی جنید خان نے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو رپورٹ پیش کی جس میں بتایا گیا کہ سمندر میں نہانے پر پابندی کی خلاف ورزی پر 44 لوگوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ شہریوں کی زندگی کی حفاظت کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے اور پابندی پر سختی سے عمل کرانے کی ہدایت کی۔