دنیا

کانگو کے اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچنے سے 7 افراد ہلاک

اسی اسٹیڈیم میں 2022 میں بھگدڑ مچنے سے 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں 9 تماشائی اور 2 پولیس افسران بھی شامل تھے۔

جمہوریہ کانگو کے دارالحکومت کنشاسا کے ایک اسٹیڈیم میں بھگدڑ مچنے سے 7 افراد ہلاک ہو گئے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق یہ واقعہ شہر کے شمال میں واقع اسٹیڈ ڈی مارٹیرس اسٹیڈیم میں ہفتے کو کانگو کے گلوکار مائیک کالمبائی کے ایک کنسرٹ کے دوران پیش آیا۔

ریاستی نشریاتی ادارے آر ٹی این سی نے ایکس پر کہا کہ اس واقعے میں 7 اموات ہوئی ہیں اور متعدد افراد کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل کیا گیا ہے۔

کنشاسا کے گورنر ڈینیئل بمبا کی کابینہ نے ہفتے کو جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا کہ اسٹیڈیم میں بہت زیادہ بھیڑ اور لوگوں کی نقل و حرکت کے نتیجے میں 7 لوگوں کی موت واقع ہوئی۔

اسٹیڈیم میں 80 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، تقریب کے منتظمین مجابو گوسپل نے بتایا کہ کنسرٹ میں 30 ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔

اے ایف پی نے مقامی حکام سے رابطہ کیا لیکن فوری طور پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

یاد رہے کہ اسی اسٹیڈیم میں 2022 میں بھگدڑ مچنے سے 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے جن میں 9 تماشائی اور 2 پولیس افسران بھی شامل تھے۔

یہ واقعہ افریقی میوزک اسٹار فلی ایپوپا کے کنسرٹ کے دوران پیش آیا تھا۔