دنیا

ایتھوپیا میں کشتی الٹنے کا واقعہ، 19 افراد ہلاک

اب تک صرف 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ ریسکیو کیے گئے لوگوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، سرکاری میڈیا

ایتھوپیا کے شمالی امہارا علاقے میں ایک دریا میں کشتی الٹنے باعث 19 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق خطے کے سرکاری میڈیا امہارا میڈیا کارپوریشن (اے ایم سی) نے ایک مقامی منتظم کے حوالے سے بتایا کہ حادثے کے بعد ایک بچے سمیت 7 افراد کو مشکلوں سے بچالیا گیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ ہفتے کو ہونے والے حادثے کے وقت جہاز میں 26 افراد سوار تھے۔

اے ایم سی نے کہا کہ اب تک صرف 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ ریسکیو کیے گئے لوگوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔

شمالی ایتھوپیا کے دور دراز علاقوں تک ذرائع ابلاغ کی رسائی حکام کی طرف سے بہت زیادہ محدود ہے، معلومات اکثر گھنٹوں بعد موصول ہوتی ہیں۔

یاد رہے کہ ایتھوپیا کا دوسرا سب سے زیادہ آبادی والا خطہ امہارا مہینوں سے ایتھوپیا کی فوج اور فانو کے نام سے مشہور نسلی امہارا ملیشیا کے درمیان جھڑپوں کی زد میں ہے۔