پاکستان

سپریم کورٹ کے ایڈہاک ججز جسٹس(ر) طارق مسعود، جسٹس(ر) مظہر عالم کل حلف اٹھائیں گے

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ دونوں ایڈہاک ججز سے حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ بلڈنگ کے ججز بلاک کمیٹی روم میں دن 11 بجے ہوگی۔

جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل کل بطور ایڈہاک جج سپریم کورٹ حلف اٹھائیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ دونوں ایڈہاک ججز جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود اور جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل سے حلف لیں گے، حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ بلڈنگ کے ججز بلاک کمیٹی روم میں دن 11 بجے ہوگی۔

گزشتہ روز وزارت قانون و انصاف نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں دو ایڈہاک ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ایڈہاک ججز کو ایک سال کی مدت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت آصف علی زرداری نے دونوں سابق ججز سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم کو ایک سال کے لیے ایڈہاک جج کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔

اس سے قبل سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل کی ایڈہاک جج کے طور پر تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

چیف جسٹس نے ایڈہاک ججز کی تقرری کے لیے 4 ریٹائرڈ ججز کے نام تجویز کیے تھے جن میں جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر، جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود کے نام شامل تھے۔

تاہم جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم اور جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کر لی تھی۔

جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے ذاتی مصروفیات کے سبب ذمے داری لینے سے انکار کردیا تھا جب کہ جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم نے سوشل میڈیا پر ایڈہاک ججز کے خلاف جاری مہم مہم کے پیش نظر اس پیشکش سے معذرت کر لی تھی۔