پاکستان

لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش

لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، بہاولپور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں، پی ڈی ایم اے نے 31 جولائی تک تیز بارشوں کی پیش گوئی کردی

لاہور اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، جب کہ گجرات میں 2 گھنٹے کی بارش کے بعد سڑکیں تالاب بن گئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی، گجرات اور دیگر مقامات پر موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

لاہور کے علاقوں اسلام پورہ، مغلپورہ، شیرانوالہ گیٹ، سمن آباد، لکشمی چوک، اقبال ٹاؤن اور مصطفی آباد میں تیز بارش ہوئی، گجر پورہ، مصری شاہ اور اچھرہ سب ڈویژن کے اطراف بھی ابر رحمت برس پڑی۔

پی ڈی ایم اے نے آج سے 31 جولائی تک پنجاب بھر میں تیز بارشوں کی پیش گوئی کردی، ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گجرانوالہ، سرگودھا، بہاولپور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔

پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پنجاب میں مون سون بارشوں کے دوران دریاؤں اور ڈیمز میں پانی کی صورتحال معمول کے مطابق رہے گی۔

اس سے قبل، محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج کشمیر، اسلام آباد پنجاب اور بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے، جب کہ مون سون سسٹم کے باعث آزادکشمیر کے کچھ مقامات میں موسلا دھار بارش ہوئی جس کی وجہ سے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی۔

سندھ کے ضلع سانگھڑ، میرپورخاص، عمر کوٹ، بدین اور دیگر ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں کل سے بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے ۔

لاہور

دوسری جانب لاہور میں اس وقت بادلوں کا راج ہے، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 اور زیادہ سے زیادہ 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے لاہور میں بھی بارش کی پیش گوئی بھی کررکھی ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 88 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پشاور

پشاور سمیت صوبے کے بیشتر اضلاع میں آج بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کاکول میں 41 ،تخت بائی میں 10 ،بالاکوٹ میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

موسم کے حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری ریکارڈ کیا گیا اور آج درجہ حرارت 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ پشاور میں ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت ڈی آئی خان سے 44 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، سب سے کم مالم جبہ میں 18 ڈگری کیا گیا، شہر میں 29 جولائی تک بارش کا سلسلہ جاری رہےگا۔