پاکستان

سیکیورٹی فورسز کا ٹانک میں آپریشن، چار دہشت گرد ہلاک

فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر مشترکہ آپریشن کیا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار دہشت گردوں ہلاک ہو گئے، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کر کے چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر ضلع ٹانک میں مشترکہ آپریشن کیا۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے خارجی دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا اور یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے اغوا اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں پائے جانے والے کسی خارجی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پاک فوج کے افسران و اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے جرات و بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار خارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔