پاکستان

صدر مملکت نے سپریم کورٹ میں دو ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی

آصف زرداری نے جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان کو ایک سال کے لیے سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دی۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں دو ایڈہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری دے دی۔

ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل کو ایک سال کے لیے سپریم کورٹ کے ایڈہاک جج کے طور پر تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم سپریم کورٹ کے سابق ججز ہیں۔

صدر مملکت نے ایڈ ہاک ججز کی تعیناتی کی منظوری آئین کے آرٹیکل 182 کے تحت دی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس سردار طارق مسعود اور جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل کی ایڈہاک جج کے طور پر تعیناتی کی منظوری دی تھی۔

چیف جسٹس نے ایڈہاک ججز کی تقرری کے لیے 4 ریٹائرڈ ججز کے نام تجویز کیے تھے جن میں جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم، جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر، جسٹس ریٹائرڈ مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس ریٹائرڈ طارق مسعود کے نام شامل تھے۔

تاہم جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم اور جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے ایڈہاک جج بننے سے معذرت کر لی تھی۔

جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے ذاتی مصروفیات کے سبب ذمے داری لینے سے انکار کردیا تھا جبکہ جسٹس ریٹائرڈ مشیر عالم نے سوشل میڈیا پر ایڈہاک ججز کے خلاف جاری مہم مہم کے پیش نظر اس پیشکش سے معذرت کر لی تھی۔