’جوکر: فولی اے ڈیوکس‘ کو اکتوبر میں ریلیز کرنے کا اعلان
ہولی وڈ کی 2019 کی سپرولن سائکالاجی تھرلر فلم ’جوکر‘ کے سیکوئل ’جوکر: فولی اے ڈیوکس‘ کا ٹریلر جاری کرتے ہوئے اسے اکتوبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
سپر ولن فلم ’جوکر‘ کو اکتوبر 2019 میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے ریکارڈ تقریبا ڈیڑھ ارب ڈالر کی کمائی کی تھی۔
فلم میں جوکر کا کردار جیکوئن فیونکس نے ادا کیا تھا، جنہوں نے شاندار اداکاری کے باعث آسکر ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
پہلی فلم میں جوکر کی ساتھی طاقتور خاتون ولن ہارلی کوئن کا کردار شامل نہیں تھا لیکن نئی فلم میں اسے شامل کیا گیا ہے۔
’جوکر: فولی اے ڈیوکس‘ میں ہارلی کوئن کا کردار معروف گلوکارہ و اداکارہ لیڈی گاگا نے ادا کیا ہے۔فلم کے جاری کیے گئے مختصر ٹریلر میں جوکر اور ہارلی کوئن کے کرداروں کو مل کر جرائم کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر سے فلم کی کہانی سمجھنا مشکل ہے، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ سیکوئل فلم کی کہانی وہیں سے شروع ہوگی، جہاں پہلی فلم کی کہانی ختم ہوئی تھی۔
ٹریلر میں جوکر اور ان کی ساتھی خاتون ولن ہارلی کوئن کو جرائم کی وجہ سے مقدمات اور عدالتوں کا سامنا بھی کرتے دکھایا گیا ہے جب کہ ان کی گرفتاری کے بعد ان کے لاکھوں مداحوں کو سڑکوں پر احتجاج کرتے بھی دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر سے عندیہ ملتا ہے کہ اس بار بھی شائقین کو فلم میں خطرناک مناظر دیکھنے کو ملیں گے، فلم میں سسپنس بھی دیکھنے کو ملے گا۔
فلم میں اس بار بھی جیکوئن فیونکس جوکر یعنی ارتھر کے کردار میں دکھائی دیں گے جو کہ میوزیکل ولن کردار ہوتا ہے جب کہ لیڈی گاگا ان کا ساتھ دیتی دکھائی دیں گی۔
فلم کی ہدایات ٹوڈ فلپس نے دی ہیں اور انہوں نے ہی اسے پروڈیوس کیا ہے اور وہ اس کے شریک لکھاری بھی ہیں۔
’جوکر: فولی اے ڈیوکس‘ کو اکتوبر 2024 میں ریلیز کیا جاءے گا، سیکوئل کو پہلی فلم کے پانچ سال بعد ریلیز کیا جا رہا ہے۔