پاکستان

خیبرپختونخوا: گڈز ٹرانسپورٹرز کا غیر معینہ مدت تک کے لیے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان

خیبرپختونخوا کی گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے 10 چارٹر آف ڈیمانڈز پیش کردیے ہیں، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھیں گے، ایسوسی ایشن

خیبرپختونخوا میں گڈز ٹرانسپورٹرز نے غیر معینہ مدت تک کے لیے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے صوبے کے اندر اشیا اور خورد و نوش کی ترسیل پر احتجاجاً پابندی عائد کردی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق خیبرپختونخوا کی گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے 10 چارٹر آف ڈیمانڈز پیش کردیے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مطالبہ کیا کہ ایکسل لوڈ کا نفاذ ختم کرکے ملک بھر میں گڈز کی ترسیل کا یکساں نظام بنایا جائے اور جی ٹی روڈ، نیشنل ہائی وے، کوہاٹ ٹنل اور کانٹوں پر ٹھیکیدارانہ نظام کو فوری ختم کیا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ کے کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں لوڈڈ گاڑیوں کی لوٹ مار اور ڈرائیوروں کی اغواکاری کو فوری روکا جائے۔

ترجمان گڈز ایسوسی ایشن وقاص آفریدی نے کہا کہ ہمیں مشکلات کا سامنا ہے، مختلف ٹیکسسز اور ٹھیکدرانہ نظام سے تنگ آگئے ہیں، حکومت کاروبار میں آسانی پیدا کرے۔

گڈز ٹرانسپورٹر کے مالک افتخار احمد نے کہا کہ حکومت ہزاروں مزدوروں کی روزی چھیننے سے بچائے

چارٹر آف ڈیمانڈز میں مطالبہ کیا گیا کہ چیکینگ کے نام پر کسٹم حکام کی جانب سے ہراساں کرنے کے عمل کو فوری بند کیا جائے جبکہ غیرضروری طور پر سامان کو کھول کر چیڑ پھاڑ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔۔ہڑتال کے باعث ہزاروں مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے عہدہداروں نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، پہیہ جام ہڑتال جاری رہے گی۔