پاکستان

شہباز شریف کی حکومت کے چھکے چھوٹ گئے، عوام نئے انتخابات کی تیاری کرے، عمر ایوب

نئے انتخابات ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا، عمران خان چاروں صوبوں کی زنجیر ہے، قائد حزب اختلاف

قومی اسمبلی کے قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی حکومت کے چھکے چھوٹ گئے، عوام نئے انتخابات کی تیاری کرے۔

راولپنڈی میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے عمران خان کے سامنے کنول شوزب نے سفارشات رکھیں، عمران خان نے اس پر اطمینان اور تسلی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم قوم کو عمران خان کا پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وہ نئے انتخابات کی تیاری کریں، نئے انتخابات ہوں گے تو ملک ترقی کرے گا، عمران خان چاروں صوبوں کی زنجیر ہے، شہباز شریف کی حکومت کے چھکے چھوٹ گئے ہیں، یہ ڈوب گئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے فوج کو دھکیل دیا ہے ہے پی تی آئی اور عوام کے سامنے۔

عمر ایوب نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس جس طرز پر پوئی وہ نہیں ہونی چاہیے تھی، انہوں نے جو اپنا کردار فرض کیا بحیثیت وزیر خزانہ یا بحیثیت وزیر اطلاعات یہ اس بات کی علامت ہے کہ یہ حکومت فیل ہوگئی ہے اور یہ اس حکومت کے خلاف چارج شیٹ تھی، عوام اور پاک فوج کو کبھی آمنے سامنے نہیں آنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پارلیمان میں علامتی بھوک ہڑتال کرنے والے ارکان کو سراہا، ہمارے کیمپ کا مقصد ہمارے تمام اسیران کی رہائی، مہنگائی کے خلاف اور پاکستان میں امن قائم کرنا ہے، اس کا واحد حل صرف نئے انتخابات ہیں، عمران خان نے سب کو یہ پیغام دیا کہ کل کی جو کال تحریک تحفظ آئین نے دی ہے اس کو کامیاب بنائیں، پر امن احتجاج کریں، ہمارے احتجاج ہمیشہ پر امن رہے ہیں، عمران خان نے ہمارے صوبائی اور قومی اسمبلی کے ارکان کی کارکردگی کو خوب سراہا۔

بعد ازاں رہنما پی ٹی آئی کنول شوزب نے کہا کہ عمران خان کو سیاست کا نشانہ بنایا جارہا ہے، بشریٰ بی بی کو ہدف بنانا شرمناک ہے، بشریٰ بی بی کو ہدف بنایا گیا تاکہ عمران خان کو توڑا جاسکے، عوم چوہدری عدت کیس میں گواہ بن گیا اور جھوٹ بولتا رہا، بشری بی بی کو قید میں رکھنے کا مقصد عمران خان کو ٹارچر کرنا ہے۔