پاکستان

نوشہرہ: صحافی حسن زیب کے قتل میں ملوث باپ، بیٹا گرفتار

مقتول صحافی قسطوں پر موبائل، موٹرسائیکلوں اور زمین کے لین دین کا کاروبار کرتا تھا، انہیں کاروباری معاملات میں تنازع کی وجہ سے قتل کیا گیا، ڈی پی او نوشہرہ

خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے اکبر پورہ میں مقامی صحافی حسن زیب کے قتل کی وجہ پلاٹ کا تنازع نکلا جب کہ پولیس نے ملزمان باپ بیٹے کو گرفتار کرلیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) نوشہرہ نے بتایا مقامی صحافی کو 14 جولائی کو اکبر پورہ کے علاقے میں قتل کیا گیا تھا، ڈی پی او کا کہنا ہے کہ پولیس نے صحافی قتل کیس کو 10دن میں نمٹا دیا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتول صحافی قسطوں پر موبائل، موٹرسائیکلوں اور زمین کے لین دین کا کاروبار کرتا تھا، انہیں کاروباری معاملات میں تنازع کی وجہ سے قتل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کو جسمانی ریمانڈ کے لیے ایڈیشنل سیشن جج پبی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

اکبرپورہ پولیس اسٹیشن میں مقتول کے بھائی انور زیب کی جانب سے درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق وہ اور ان کے بھائی حسن زیب کار میں جا رہے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔

انور زیب نے پولیس کو بتایا تھا کہ حملے میں وہ محفوظ رہے لیکن ان کے بھائی موقع پر ہی چل بسے۔

اس وقت پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف حملے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی تھی، 40 سالہ حسن زیب پشاور سے شائع ہونے والے اردو روزنامہ آج سے وابستہ تھے اور خیبر یونین آف جرنلسٹس کے علاوہ پشاور پریس کلب کے ممبر تھے، وہ صحت اور شہر کی خبروں کا احاطہ کرتے تھے۔

واردارت کے بعد ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج ڈان نیوز کو موصول ہو گئی تھی، جس میں موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان فائرنگ کرتے نظر آرہے تھے۔

ملزمان نے دو فائر صحافی کی کار پرکی تھی بکہ گاڑی رکنے پر دوبارہ فائرنگ شروع کردی تھی۔