پاکستان

مسلم لیگ (ن) کلچر ونگ کے صدر، اداکار طاہر انجم پر تشدد: پی ٹی آئی کی حامی خاتون گرفتار

طاہرانجم کی درخواست پر مقدمہ تھانہ قلعہ گجرسنگھ میں درج کیا گیا، مقدمہ انیلہ ریاض اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

لاہور پنجاب اسمبلی کے سامنے مسلم لیگ (ن) کے کلچر ونگ کے صدر، اداکار طاہر انجم پر تشدد کے معاملے پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حامی انیلہ ریاض کو گرفتار کر لیا ۔

پولیس کے مطابق طاہرانجم کی درخواست پر مقدمہ تھانہ قلعہ گجرسنگھ میں درج کیا گیا، مقدمہ انیلہ ریاض اور ان کے نامعلوم ساتھیوں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

پولیس نے انیلہ ریاض کو طاہر انجم پر تشدد کے مقدمہ میں گرفتارکر بھی کرلیا۔

گزشتہ روز پی ٹی آئی کے بھوک ہڑتالی کیمپ کے سامنے سے گزرتے ہوئے طاہر انجم پر تشدد کیا گیا تھا، ان کے کپڑے پھاڑے گئے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں۔

خاتون کی جانب سے اداکار پر تشدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔