پاکستان

مانچسٹر ایئرپورٹ پر پاکستانیوں کے ساتھ ہونے والے واقعے کی تحقیقات ہورہی ہے، دفترخارجہ

فرینکفرٹ میں قونصل خانے پر حملے کے بعد جرمن حکام سے رابطے میں ہیں، پاکستانی مشن کی سیکیورٹی یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے، ممتاز زہرا بلوچ

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان نے جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں اپنے قونصل خانے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جرمن حکومت سے پاکستانی مشن کی سیکیورٹی یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے جب کہ مانچسٹر ایئرپورٹ پر پاکستانیوں کے ساتھ ہونے والے واقعے کی تحقیقات ہورہی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ ترکمانستان کے وزیر خارجہ راشد میریدوو نے 22 سے 25 جولائی 2024 کو پاکستان کا دورہ کیا۔

ترجمان نے بتایا کہ دورہ پاکستان میں وزیر خارجہ میریدوو نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی، انہوں نے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار سے بھی تفصیلی بات چیت کی۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ دونوں وزرا نے پاکستان ترکمانستان دوطرفہ سیاسی مشاورت کے تیسرے دور کی مشترکہ صدارت کی، مذاکرات کے ایجنڈے میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی تعاون، رابطوں اور عوامی روابط پر بات چیت شامل تھی۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور تبادلوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا، دونوں رہنماوں نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعاون میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران ٹاپی پائپ لائن اور ٹی اے پی بجلی کی ٹرانسمشن لائن سمیت اہم کنیکٹیویٹی منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ افغانستان اور مقبوضہ جموں کشمیر کی صورتحال سمیت عالمی اور علاقائی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف 30 جولائی کو ایران کا دورہ کریں گے، وزیراعظم نو منتخب ایرانی صدر کی تقریب حلف برداری میں شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ مانچسٹر ایئرپورٹ پر پولیس کی جانب سے پاکستانی نوجوان کو لاتیں مارنے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستانی کمیونٹی نے راچڈیل پولیس اسٹیشن کے سامنے احتجاج کیا، جس کے بعد واقعہ میں ملوث اہلکار کو معطل کردیا گیا۔

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں کل پاکستانی قونصل خانے پر ہونے والے حملے سے متعلق ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان کل کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے، ہم جرمنی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہم نے ان پر زور دیا ہے کہ پاکستانی مشن کی سیکیورٹی کو یقینی بنائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جرمن حکام کی طرف سے قونصل مشن کے احاطے کے تقدس اور سلامتی کے تحفظ میں ناکامی کی بھی شدید مذمت کرتا ہے، ویانا کنونشن برائے قونصلر تعلقات 1963 کے تحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قونصلر احاطے کے تقدس اور سفارتکاروں کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا کہ کل کے واقعے نے قونصل عملے کی جانوں کو خطرہ لاحق کر دیا ہے، ہم جرمن حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ ویانا کنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کر کے انکے خلاف کاروائی کی جائے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسد مجید خان اگلے ہفتے ای سی او کے سیکرٹری جنرل کا چارج سنبھالے گے، اسد مجید عہدے پر 3 سال کے لیے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایکسپورٹ کنٹرول پر کانفرنس کی میزبانی کررہا ہے، ریجنل کانفرنس میں منگولیا ، ترکمانستان سمیت مختلف ممالک شامل ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے پر قیاس آرائیاں بے بنیاد ہے ،ان کا دورہ پاکستان اب تک شیڈول نہیں ہے جب کہ پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، ہم تعمیری تعلقات پر یقین رکھتے ہیں۔

برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز میں منعقدہ ایک تقریب سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ یہ ایونٹ ایک سیاسی جماعت کی جانب سے منعقد کیا گیا، تقریب ہاؤس آف کامنز کے سائیڈ روم میں منعقد کی گئی، اس تقریب میں سیاسی جماعت نے لوگوں کو شرکت کی دعوت دی تھی۔

واضح رہے کہ برطانوی پارلیمنٹیرینز نے اشارہ دیا ہے کہ وہ 2022 میں اقتدار سے نکالے جانے والی جماعت پاکستان تحریک انصاف کو درپیش مبینہ دھمکیوں اور ہراساں کیے جانے پر پی ٹی آئی کے کیس کو ’بین الاقوامی سطح پر‘ اجاگر میں مدد کرنا چاہیں گے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کنزرویٹو کے لارڈ ڈینیئل ہنان کی جانب سے یہ ریمارکس منگل کو ہاؤس آف لارڈز میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران سامنے آئے، جس میں ایک درجن سے زائد اراکین پارلیمنٹ کے سامنے پی ٹی آئی رہنماؤں نے انتخابی دھاندلی، قانون کی حکمرانی کی خرابی اور عمران خان کے قید کے ساتھ ساتھ گرفتاریوں اور اغوا کے ذریعے بڑھتی ہوئی سنسر شپ بارے میں آگاہ کیا۔