دنیا

روس میں ایم آئی 28 فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، عملہ ہلاک

گورنر ولادیسلاو شاپشا کے مطابق ایک ٹاسک فورس اور امدادی کارکن جائے حادثہ پر کام کر رہے ہیں۔

جنوب مغربی روس کے غیر آباد علاقے میں ایک ایم آئی 28 فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار عملہ ہلاک ہو گیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق روس کی سرکاری خبر ایجنسی تاس نے وزارت دفاع کے ایک ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایک ایم آئی 28 کالوگا کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں موجود عملے کی موت ہو گئی۔

گورنر ولادیسلاو شاپشا کے مطابق ایک ٹاسک فورس اور امدادی کارکن جائے حادثہ پر کام کر رہے ہیں۔

فوجی حکام نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کی ابتدائی وجہ تکنیکی خرابی بنی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نیپال میں اڑان بھڑنے کے دوران مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں کم از 18 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ پائلٹ کو ریسکیو کرلیا گیا تھا۔

حکام نے بتایا کہ مہلک حادثہ ملک کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں اس وقت پیش آیا جب چھوٹا طیارہ اڑان بھرتے وقت گر کر تباہ ہو گیا اور اس میں آگ لگ گئی اور کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے۔