پاکستان

شانگلہ: بیٹے نے ماں کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا

واقعے کے روز متوفی خاتون اپنے گھر پر تھی کہ اس کے بیٹے اختر نواز نے اپنے چچا محمد ایاز کے اکسانے پر اسے کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا، مقدمے کا متن

شانگلہ کی تحصیل کانہ کے علاقے بیلکنئی میں خاتون کو اس کے بیٹے نے زبانی تکرار کے بعد کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس افسر عمران خان نے صحافیوں کو بتایا کہ مقتولہ کے بھائی جہاں بار نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بہن ممتاز بی بی کی شادی تقریباً 22 سال قبل ریاض محمد سے ہوئی تھی اور ان کے درمیان کچھ گھریلو جھگڑے چل رہے تھے۔

شکایت کنندہ نے بتایا کہ واقعے کے روز متوفی خاتون اپنے گھر پر تھی کہ اس کے بیٹے اختر نواز نے اپنے چچا محمد ایاز کے اکسانے پر اسے کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولہ خاتون نے ملزم اختر نواز کو اپنے چچا کے ساتھ باہر نہ جانے کا کہا تھا جس پر وہ مشتعل ہو گیا اور اس نے اپنی والدہ پر کلہاڑی سے حملہ کر دیا جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 302 کے تحت اولندر تھانے میں مقدمہ درج کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس نے مزید کہا کہ جرم کی مزید تفتیش جاری ہے۔

ڈوبنے سے موت

بدھ کی صبح چکسر تحصیل کے علاقے گنگر میں نہاتے ہوئے ایک شخص دریائے سندھ میں ڈوب گیا۔

مقامی لوگوں کے مطابق احسان اللہ نہانے کے لیے ندی میں گیا تھا لیکن تیز کرنٹ اسے بہا لے گیا، مقامی غوطہ خور اس رپورٹ کے آنے تک لاش کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔