پاکستان

پیپلز پارٹی کا پنجاب میں غیرفعال رہنماؤں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ

عوامی رابطے میں نہ رہنے والے رہنما بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، پنجاب کے ایسے رہنما جو اپنے حلقوں میں نظر نہیں آتے ہیں، ان سے بھی عہدے واپس لیے جائیں گے، ذرائع کا دعویٰ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) پنجاب کی قیادت نے غیر فعال رہنماؤں کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پنجاب میں پارٹی کی تنظیم نو کے لیے عہدے داروں کی حتمی فہرست تیار کرلی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی رابطے میں نہ رہنے والے رہنما بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے ایسے رہنما جو اپنے حلقوں میں نظر نہیں آتے ہیں، ان سے عہدے واپس لیے جائیں گے۔

اس کے علاوہ ایسے رہنما جو پنجاب کی تنظیم میں اپنے حلقوں کی تنظیم سازی مکمل نہیں کرسکے ان کو بھی تبدیل کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران عہدوں کی حتمی فہرستوں میں شامل امیدواروں کے انٹرویو پارٹی کی اعلیٰ قیادت کرے گی۔