پاکستان

نواز، زرداری تاریخ کے غلط رخ پر ہیں، ساتھ دینے والے کسی سے نظر نہیں ملاسکیں گے، فواد چوہدری

یہ لوگ خواہشات پر مبنی فیصلے تو کررہے ہیں لیکن اس سے سیاسی عدم استحکام بڑھے گا، سابق وفاقی وزیر کی میڈیا سے گفتگو

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نواز شریف تاریخ کی غلط سائیڈ پر ہیں، ان کا ساتھ دینے والے کسی سے نظریں نہیں ملاسکیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری 9 مئی کو عسکری ٹاور جلانے کے مقدمے میں عبوری ضمانت کی معیاد مکمل ہونے پر لاہور انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت کے معزز جج پر عدم اعتماد ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا معاملہ اٹھایا جائے گا، نواز شریف اور آصف زرداری آج تاریخ کے غلط رخ پر کھڑے ہیں، وہ خواہشات پر مبنی فیصلے کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس غلطی کے بعد دونوں پارٹیوں کے ممبران اسمبلی مستقبل میں کسی سے نظریں نہیں ملاسکیں گے، اس فیصلے سے سیاسی عدم استحکام بڑھے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سیاست کسی طور پر مخالفین پر پابندی لگانے کا نام نہیں ہے، آپ نے پچھلی بار چیف الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ کے ذریعے بلے کا نشان چھین لیا، لیکن پی ٹی آئی کو کیا فرق پڑا۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے 14 ماہ سے بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھا ہوا ہے، لیکن اس سے پی ٹی آئی اور عمران خان کو کیا فرق پڑا، جتنے بھی ارکان اسمبلی جیت کر آئے ہیں، ان سب کے مختلف نشانات تھے لیکن لوگوں نے ڈھونڈ ڈھونڈ کر پی ٹی آئی کے امیدواروں کو ووٹ دیا۔