دنیا

ایتھوپیا میں شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ، 157 افراد ہلاک

کل رات شدید بارش ہوئی تھی، جس کے بعد لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اموات ہوئیں، حکومتی ترجمان

ایتھوپیا میں شدید بارشوں کے بعد لینڈسلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 157 ہو گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق گزشتہ روز جنوبی ایتھوپیا کی علاقائی ریاست کے ضلع گوفا میں ایک حکام نے بتایا تھا لینڈ سلائیڈنگ سے کم از کم 50 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

حکام کا کہنا تھا کہ جنوبی ایتھوپیا میں 2 لینڈ سلائیڈنگ (مٹی کے تودے گرنے) کے بعد کم از کم 50 لاشیں نکالی گئیں۔

ضلع گوفا کے حکومتی ترجمان نے بتایا کہ کل رات شدید بارش ہوئی تھی، جس کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے کچھ افراد چل بسے۔

جنوبی ایتھوپیا کے علاقے گوفا کے ضلعی جنرل ایڈمنسٹریٹر میسکر مٹکو نے بتایا کہ مقامی افراد بشمول پولیس جائے وقوع پر جمع ہوئے تاکہ ان افراد کو بچایا جا سکے جو لینڈ سلائیڈنگ سے متاثر ہوئے، اسی وقت دوسری بار لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے سبب جمع ہونے والے افراد ہلاک ہو گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایتھوپیا براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے رپورٹ کیا کہ مرنے والوں میں خواتین، بچے اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔

ای بی سی کی جانب سے فیس بک پر شیئر کی گئی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بہت سے افراد متاثرین کو تلاش کر رہے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق آج سرکاری حکام نے رپورٹ کیا کہ 2 لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 157 تک پہنچ گئی ہے۔