تھانہ شادمان ٹاؤن کیس: عمر ایوب، اسد عمر کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور
انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کیس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سابق وزیر اسد عمر کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔
ڈان نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی، دیگر ملزمان میں مسرت چیمہ، جمیشد چیمہ، غلام محی الدین سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے پراسکیوشن سے آئندہ سماعت پر ریکارڈ طلب کرتے ہوئے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 2 اگست تک توسیع کردی۔
یاد رہے کہ تھانہ شادمان ٹاؤن جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ تھانہ شادمان پولیس نے درج کر رکھا ہے۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔