کھیل

ویمنز ایشیا کپ میں پاکستان کے ہاتھوں نیپال کو 9وکٹوں سے شکست

نیپال کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے، پاکستان نے 49 گیندوں قبل ہی باآسانی ہدف حاصل کر لیا۔

ویمنز ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان نے گُل فیروزہ کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت نیپال کی ٹیم کو شکست دے دی۔

سری لنکا میں جاری ویمنز ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

دمبولا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی فیلڈرز کی میدان میں چابکدستی اور سعدیہ اقبال کی بہترین باؤلنگ کی بدولت نیپال کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے۔

نیپال کی جانب سے سیتا رانا مگر نے 26، پوجا مہاتو نے 25 جبکہ کبیتا جوشی نے 31 رنز کی باریاں کھیلیں۔

پاکستان کی سعدیہ اقبال نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئیں۔

جواب میں پاکستان کی دونوں اوپنرز منیبہ علی اور گُل فیروزہ نے سنچری شراکت قائم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔

گل فیروزہ نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 57 رنز بنائے اور آؤٹ ہونے سے قبل 46 رنز بنانے والی منیبہ علی کے ہمراہ 105 رنز کی شراکت بنائی۔

پاکستان نے 49 گیندوں قبل ہی ہدف حاصل کر کے 9وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی۔