پاکستان

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش

سب سے زیادہ 19.5 ملی میٹر بارش اولڈ ایئرپورٹ ایریا میں ہوئی، اس کے علاوہ لیاقت آباد، کورنگی، شاہراہ فیصل اور گلستان جوہر میں بھی بارش ہوئی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی اور تھوڑی دیر کی بارش کے بعد ہی سڑکوں پر جگہ جگہ پانی کھڑا ہو گیا

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق شہر کے جن علاقوں میں بارش ہوئی ان میں گلبرگ، لیاقت آباد، غریب آباد شامل ہیں۔

اس کے علاوہ حسن اسکوائر، ایئرپورٹ، محمود آباد، کورنگی، شاہراہ فیصل اور صدر کے اطراف میں بھی بارش ہوئی۔

کراچی میں سب سے زیادہ بارش اولڈ ایئر پورٹ پر 19.5 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ شارع فیصل پر 16 ملی میٹر بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ سرجانی ٹاؤن میں 11 ملی میٹر، یونیورسٹی روڈ پر 10 ملی میٹر، جناح ٹرمینل پر 9.4 ملی میٹر، مسرور بیس پر 7 ملی میٹر اور حسن اسکوائر پر 6.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مختلف علاقوں میں بارش کے باوجود شہر میں گرمی کی شدت برقرار ہے، سمندری ہوائیں بند ہونے سے شہریوں کا برا حال ہوگیا، آج بھی درجہ حرارت 39 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا جبکہ گرمی کی شدت 46 ڈگری تک محسوس کی جارہی تھی۔

ویدر اپڈیٹس پی کے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا کہ ملیر کراچی میں بارش ہو رہی ہے۔

ایک صارف نے ایکس پر لکھا کہ بارش کے باوجود در و دیوار سے اس وقت بھی تندور کی طرح گرمی نکل رہی ہیں۔

قبل ازیں چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی، معتدل اور تیز بارش ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ہوا کےکم دباؤ کے باعث شدید گرمی ہے، شہر قائد میں سمندری ہوائیں کل سے بحال ہوجائیں گی۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ سمندری ہوائیں بحال ہونے سے گرمی کی شدت کم ہو جائےگی، مزید کہا کہ جولائی کےآخر یا اگست کے شروع میں تیز بارش کے اسپیل کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دو روز کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا تھا کہ کراچی میں سب سے زیادہ بارش پاپوش نگر میں 37.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ کیماڑی میں 25 ملی میٹر، ماڑی پور میں 23 ملی میٹر، کورنگی میں 22 ملی میٹر، قائدآباد میں 12 ملی میٹر، اورنگی ٹاون میں 4.5 اور ڈی ایچ اے فیز 2 میں 3.5 ملی میٹر بارش ہوئی۔