پاکستان

پشاور: پولیس چوکی پر نامعلوم شدت پسندوں کی فائرنگ، اہلکار جاں بحق

گزشتہ رات نواحی علاقے ارمڑ میں پولیس چوکی ارنڈو پر دہشت گردوں نے اسنائپر گن سے فائرنگ کی، جوابی فائرنگ کے باعث دہشت گرد فرار ہوگئے، پولیس

خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں تھانہ ارمڑ کی پولیس چوکی ارمڈو پر نامعلوم شدت پسندوں کی فائرنگ سے ایک اہلکار جاں بحق ہوگیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی شناخت سعید خان کے نام سے ہوئی جس کی نماز جنازہ ملک سعد پولیس لائن میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

نماز جنازہ میں کیپٹیل سٹی پولیس افسر (سی سی پی او) پشاور قاسم علی خان اور دیگر پولیس افسران ،اہلکاروں اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔

پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور پولیس افسران نے جاں بحق اہلکار کے تابوت پر پھول چڑھائے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ رات نواحی علاقے ارمڑ میں پولیس چوکی ارنڈو پر دہشت گردوں نے اسنائپر گن سے فائرنگ کی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ جوابی فائرنگ کے باعث دہشت گرد فرار ہوگئے تھے۔