پاکستان

پنجاب میں 22 سے 25 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی

راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، گجرات، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور ساہیوال ڈویژنز میں مون سون بارشوں کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب میں 22 سے 25 جولائی تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب میں مون سون کا چوتھا اسپیل 22 جولائی بروز پیر (کل) سے شروع ہونے کا امکان ہے، جو 25 جولائی تک جاری رہے سکتا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 23 سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد، گجرات، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور ساہیوال ڈویژنز میں مون سون بارشوں کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ موسمی صورتحال کے بارے متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کرے۔