تحریک تحفظ آئین پاکستان کا بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی کا مطالبہ
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سمیت تمام اسیر قائدین و کارکنوں کو فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے جبکہ ایک قرارداد میں بنوں واقعے کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان کا ہنگامی اجلاس محمود اچکزئی کی زیر صدارت ہوا، جس میں چیئرمین پی ٹی آئی گوہر خان، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف گوہر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، اسد قیصر، چیئرمین سنی اتحاد کونسل سربراہ حامد رضا، علامہ راجا ناصر عباس اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال، آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی سمیت تمام سیاسی اسیران کی رہائی کے لیے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی۔
قرارداد میں بنوں میں پیش آنے والے واقعے کی آزادانہ تحقیقات اور خیبر پختونخوا کے آئی جی اور چیف سیکریٹری کو فوری برطرف کرنےکا مطالبہ بھی شامل ہے۔
قرارداد میں بجلی و گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ فوری واپس لینے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔
قرارداد میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ آئین و قانون کی فتح ہے، جبکہ آئین و قانون کی بالادستی، جمہوریت کے لیے عدلیہ کی کوششوں کو سراہا گیا ہے۔
ملک میں فوری نئے انتخابات کا مطالبہ بھی قرارداد کا حصہ ہے۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی اور مینڈیٹ کی واپسی سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے 26 جولائی بروز جمعہ ملک گیر پرامن احتجاج کیا جائے گا۔