پاکستان

این اے 127 سے عطا تارڑ کی کامیابی کے خلاف دائر اپیل سماعت کیلئے مقرر

لاہور ہائی کورٹ الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس انوار حسین 22 جولائی کو درخواست پر سماعت کریں گے۔

لاہور ہائی کورٹ الیکشن ٹریبونل میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 سے وفاقی وزیر اطلاعات اور رہنما مسلم لیگ (ن) عطا تارڑ کی کامیابی کے خلاف دائر اپیل سماعت کے لیے مقرر ہو گئی۔

ٹربیونل کے جج جسٹس انوار حسین 22 جولائی کو درخواست پر سماعت کریں گے۔

ملک ظہیر عباس نے عطا تارڑ کی کامیابی کو چیلنج کر رکھا ہے، ان کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فارم 45 کے مطابق عطا تارڑ الیکشن ہارے ہوئے ہیں، فارم 45 کے مطابق انتخابی نتائج جاری نہیں کیے گئے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود فارم 47 کے مطابق عطا تارڑ نے 98 ہزار 210 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی اور آزاد امیدوار ملک ظہیر عباس 82 ہزار 230 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی اسی حلقے سے انتخابی دوڑ میں شامل تھے، تاہم انہوں نے 15 ہزار 5 ووٹ حاصل کیے تھے۔